حیدرآباد۔13دسمبر(اعتماد نیوز)
جموں وکشمیر ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ و سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد
نے کہا کہ اُن کی جماعت ریاست میں مخلوط حکومت کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے۔
تاہم مسٹر آزاد نے دعویٰ کیا کہ اُن کی جماعت نے اسمبلی انتخابات کے پہلے
تین مرحلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو انتخابات کے چوتھے اور پانچویں مرحلے میں بھی
اچھی تعداد میں سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ جنوبی کشمیر میں کل نامہ نگاروں سے
بات کرتے ہوئے مسٹر آزاد نے کہا کہ ہمیں
یقین ہے کہ پارٹی حکومت بنانے
کیلئے درکار سیٹیں حاصل کرلیں گی کیونکہ رائے دہندگان کانگریس پارٹی کی
کارکردگی کو ملحوظ خاطر رکھ کر اس جماعت کے حق میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔ جب اُن
سے پوچھا گیا کہ کچھ علاقائی جماعتیں واضح اکثریت نہ ملنے پر بی جے پی کے
ساتھ مل کر مخلوط حکومت بناسکتی ہیں تو اُن کا کہنا تھا کہ یہ قدم علاقائی
جماعت کیلئے سیاسی خودکشی کے مترادف ہوگا۔ مسٹر آزاد نے دعویٰ کیا کہ اگر
کسی علاقائی جماعت نے بی جے پی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائی تو اُس
جماعت کا سیاسی وجود خطرے میں پڑے گا۔